حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے
سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
پیارے ممبران مجلس انصار اللہ فن لینڈ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو "قرآن کریم" کے موضوع پر اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین
میں اس موقع پر اس بارے میں چند ضروری باتیں بیان کرنا چاہتا ہوں:
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ:
’’کامياب وہی لوگ ہوں گے جو قرآن کریم کے ماتحت چلتے ہیں۔ قرآن کو چھوڑ کر کامیابی ایک ناممکن اور محال امر ہے۔‘‘ (الحکم ۳۱ اکتوبر ۱۹۰۱ء)
پس ہر احمدی کو اپنی کامیابیوں کو حاصل کرنے کے لئے یہ نسخہ آزمانا چاہئے۔ دین بھی سنور جائے گا اور دنیاوی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: صرف دو آدمیوں پر رشک جائز ہے ان میں سے ایک وہ شخص جسے اللہ تعالیٰ نے قرآن عطا کیا ہو اور وہ دن رات اس کی تلاوت کرتا ہو۔
مجلس انصار اللہ ایسی تنظیم ہے جسے قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے کی طرف خاص توجہ دینی چاہئے۔ انصار اللہ کے ذمہ خلافت ثالثہ میں یہ کام لگایا گیا تھا کہ قرآن کریم کی تعلیم کو رائج کریں، قرآن کریم کی تلاوت کی طرف توجہ دیں اور گھروں کو بھی اس نور سے منور کریں۔ اسی لئے انصار کی ایک قیادت بھی ہے جو تعلیم القرآن کہلاتی ہے۔ اگر انصار پوری توجہ دیں تو ہر گھر میں باقاعدہ قرآن کریم پڑھنے اور اس کو سمجھنے کی کلاسیں لگ سکتی ہیں۔ پس اجتماع کے اس بابرکت موقع پر یہ عزم کر کے جائیں کہ اپنے گھروں میں خود بھی قرآن کریم پڑھیں گے اور اپنے بیوی بچوں کی بھی نگرانی کریں گے کہ وہ بھی اس پر عمل کرنے والے ہوں۔
میرا یہ پیغام اپنے میگزین میں بھی شائع کر لیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق عطا فرمائے کہ آپ قرآن کریم کے مقام کو پہچانیں اور اپنی اور اپنی نسلوں کی زندگیاں سنوارنے والے ہوں۔ آمین