اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




کلام امام الزمان

2026-08-27

مجھے خدا کی پاک اور مطہر وحی سے اطلاع دی گئی ہے کہ میں اس کی طرف سے مسیح موعود اور مہدی معہود ہوں

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:

مجھے خدا کی پاک اور مطہر وحی سے اطلاع دی گئی ہے کہ میں اس کی طرف سے مسیح موعود اور مہدی معہود اور اندرونی و بیرونی اختلافات کا حکم ہوں۔یہ جو میرا نام مسیح اور مہدی رکھا گیا ہے ان دونوں ناموں سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے مشرف فرمایا اور پھر خدا نے اپنے بلا واسطہ مکالمہ سے یہی میرا نام رکھا اور پھر زمانے کی حالت موجودہ نے تقاضا کیا کہ یہی میرا نام ہو۔(اربعین حصّہ اوّل روحانی خزائن جلد 17،صفحہ 345مطبوعہ یوکے )

قسم ہے مجھے اُس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔۔۔ایک غیب میں ہاتھ ہے جو مجھے تھام رہا ہے اور ایک پوشیدہ روشنی ہے جو مجھے منورکر رہی ہے اور ایک آسمانی روح ہے جو مجھے طاقت دے رہی ہے۔پس جس نے نفرت کرنا ہے کرے تا مولوی صاحب خوش ہو جائیں۔بخدا! میری نظر ایک ہی پر ہے جو میرے ساتھ ہے اور غیر اللہ ایک مرے ہوئے کیڑے کے برابر بھی میری نظر میں نہیں۔کیا میرے لئے وہ کافی نہیں جس نے مجھے بھیجا ہے۔میں
یقیناً جانتا ہوں کہ وہ اس تبلیغ کو ضائع نہیں کرے گا جس کو میں لے کر آیا ۔ (ضمیمہ ازالہ اوہام حصہ دوم، روحانی خزائن جلد نمبر3 صفحہ 635 مطبوعہ یوکے)

میں اُس خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ اسی نے مجھے بھیجا ہے اور اُس نے میرا نام نبی رکھا ہے اور اُسی نے مجھے مسیح موعود کے نام سے پکارا ہے اور اُس نے میری تصدیق کے لئے بڑے بڑے نشان ظاہر کئے ہیں۔جو تین لاکھ تک پہنچتے ہیں۔ (تتمہ حقیقة الوحی ، روحانی خزائن جلد نمبر 22 صفحہ 502)